28 ستمبر 2012 - 20:30

پاکستان کے مختلف شہروں میں گستاخانہ فلم کے خلاف جاری احتجاج کے سلسلے میں آج کراچی کے ہزاروں شہریوں نے امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کیا –

ابنا: مختلف مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام آج ناموس رسالتۖ ریلی نکالی گئی جس میں شریک ہزاروں افراد نے گستاخانہ فلم کے خلاف پر امن مارچ کیا- ریلی میں مذہبی جماعتوں کے کارکن اور مدارس کے طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ریلی کے شرکا نے گستاخانہ فلم کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور عالمی صہیونوم کے خلاف زبردست نعرے بازی کی - ان کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔
ریلی سے خطاب میں پاکستان کی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے عالمی سطح پر توہین رسالت کے خلاف قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اپنا دہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ایک امن پسند قوم ہیں اور پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔
ریلی سے خطاب میں دیگر علما کا کہنا تھا کہ وہ پرامن احتجاج کے ذریعے دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسلام محبت اور برداشت کا درس دیتا ہے تاہم کسی کو بھی مادر پدر آزادی نہیں دی جاسکتی۔
گستاخانہ فلم کے خلاف ریلی میں شہر بھر سے لوگ شریک تھے، علماء کے خطاب کے بعد  تحفظ ناموس مصطفیٰۖ ریلی پر امن طریقے سے اختتام  پذیر ہوگئی۔
.......
/169